کراچی میں نکاسی تاحال نامکمل، سڑکیں بہہ گئیں طویل ٹریفک جام کراچی: شہر قائد میں بارش کا سلسلہ تھمے 2 روز گزرنے کے باوجود مرکزی شاہراہوں، ت...
کراچی میں نکاسی تاحال نامکمل، سڑکیں بہہ گئیں طویل ٹریفک جام |
کراچی: شہر قائد میں بارش کا سلسلہ تھمے 2 روز گزرنے کے باوجود مرکزی شاہراہوں، تجارتی مراکز اور آبادی والے علاقوں میں کئی مقامات پر جمع پانی تاحال نکالا نہیں جا سکا۔
دو روز قبل ہونے والی بارش کے بعد شہر کے بیشتر نشیبی علاقے ڈوب گئے تھے اور سڑکیں و انڈر پاسز دریا کا منظر پیش کررہے تھے۔ عید کی تعطیلات ختم ہونے کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد آج گھروں سے نکلی اور سڑکیں بہہ جانے، گزرنے کا رستہ کم ہونے اور جگہ جگہ پانی کھڑا ہونے کی وجہ سے دفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
شہر کے مختلف علاقوں کیماڑی، شیر شاہ، اولڈ سٹی ایریا میں جگہ جگہ کیچڑ اور پانی جمع ہے جب کہ پہلے سے تباہ حال سڑکیں مزید ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوگئی ہیں۔ علاوہ ازیں کورنگی، لانڈھی، صدر، لیاری، کیماڑی، لیاقت آباد، ایف بی ایریا میں سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور پانی جمع ہونے کی وجہ سے شہریوں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔
گلشنِ اقبال، بہادرآباد، پی ای سی ایچ ایس میں بھی علی الصبح گاڑیوں کی طویل قطاریں نظر آئیں جب کہ یونیورسٹی روڈ، راشد منہاس روڈ، شہیدِ ملت ایکسپریس وے پر ٹریفک کا غیر معمولی دباؤ ہے۔ دوسری جانب کورنگی کراسنگ روڈ اور کاز وے کا کئی فٹ چوڑا حصہ پانی میں بہہ گیا تھا، جس کی وجہ سے دونوں راستے گزشتہ چار روز سے بند ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں